خصوصی افراد کو دنیابھر میں مسائل کا سامنا ہے ،عالمی ادارہ صحت کا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردارہے،خاتون اول ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب

180
خصوصی افراد کو دنیابھر میں مسائل کا سامنا ہے ،عالمی ادارہ صحت کا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردارہے،خاتون اول ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):خاتون اول ثمینہ علوی نے کہاہے کہ معذوری ایک عالمی مسئلہ ہے جبکہ خصوصی افراد کو دنیابھر میں مسائل کا سامنا ہے ،ہمیں ایسے افراد کو یہ احساس دلانا چاہئے کہ وہ ہم سب سے کسی طرح بھی کم نہیں ہیں خصوصی افراد کو اللہ تعالی نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے حکومت خصوصی افراد کی بہتری کیلئے کوشاں ہے جبکہ پبلک پارٹنرشپ کے تحت مختلف ادارے و تنظیمیں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کررہے ہیں ہم سب مل کر پنجاب میں تبدیلی لائیں گے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردارہے۔

وہ منگل کو گورنرہائوس لاہور میں محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب اورڈبلیوایچ او کے تعاون سے معذوروں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر یاور بخاری سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال ڈی جی سوشل ویلفیئرمدثر اقبال ڈائریکٹر ڈبلیوایچ او ڈاکٹر مریم آمنہ آفتاب لیفٹیننٹ کمانڈر(ر) شہوازبلوچ سمیت معذور افراد اور ان کی فیملیز موجود تھیں۔خاتون اول ثمینہ علوی نے کہاکہ معذور افراد کو ان کے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے تمام بینکوں کی جانب سے ٹیکنیکل سکلز پر مبنی قرضہ سکیمیں متعارف کروائی جا رہی ہیں ،

اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں معذور افراد کے شناختی کارڈ بنانابھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خصوصی افراد کے مسائل سے واقف ہے اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپوراقدامات اٹھائے جا ئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کے لئے پبلک پارٹنرشپ کے تحت سکیمیں بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں تا کہ ان کا احساس محرومی ختم ہو اور انہیں مساوی حقوق مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ ان کاملازمتوں میں کوٹہ ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق دیا جائے اوراس سلسلے میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ان کاادارہ عملی اقدامات اٹھا رہاہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مشن اور وزیراعلی پنجاب کی سرپرستی میں خصوصی و غریب افراد کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ خصوصی افراد بھی قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔

تقریب میں خصوصی بچوں نے پرفارم بھی کیا۔مذکورہ تقریب سے ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر اقبال سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال آمنہ آفتاب ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹرمریم سمیت دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر خصوصی افراد و دیگر میں فخرپاکستان ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔