اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی افراد کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح کے اداروں کے مابین روابط کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا اور انہیں سرکاری اور نجی شعبے میں ان کی صلاحیتوں اور ہنر کے مطابق نوکریاں دینا ہوں گی۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی تربیتی مرکز برائے خصوصی افراد اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خاتون اول نے کہا کہ خصوصی افراد کی سماجی و معاشی شمولیت بڑھانے کی ضرورت ہے، نجی شعبہ زیادہ تعداد میں خصوصی افراد کو نوکریاں دے ، خصوصی افراد محنتی اور باہنر ہیں، آجر ان کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کی معاشرے میں معاشی شمولیت کیلئے ان کو کوٹے کے مطابق نوکریاں دینا بے حد اہم ہے۔خاتون اول نے قومی تربیتی مرکز اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے 104 خصوصی افراد کو نوکریاں دلانے کے وعدے کو سراہا۔
انہوں نے کرسٹوفر بلائنڈ مشن کی جانب سے خصوصی افراد کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے 25 کٹس کی فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ایوان ِ صعنت و تجارت اور فلاحی تنظیمیں خصوصی افراد کی مالی خودمختاری کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کریں۔ خاتون اول نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے ایک دوسرے کے طرز عمل ، معیاری طریقہ کار اور تجربے سے سیکھ سکتے ہیں، اسکولوں کو خصوصی بچوں کیلئے موزوں بنانے کیلئے سرکاری اور نجی اسکولوں کے اساتذہ کو زیادہ تعداد میں تربیت دینا ہوگی، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے انہیں خصوصی بچوں کی تعلیم کے حوالے سے آن لائن تربیت دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بینکوں ، پارکوں ، بازاروں اور عوامی مقامات پر محفوظ اور قابل استعمال ریمپ تعمیر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں زیادہ آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ قبل ازیں خاتون اول کو قومی تربیتی مرکز میں موجود سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
خاتون اول کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی بچوں کو کمپیوٹر، گرافک ڈیزائن، موبائل ریپئرنگ سمیت مختلف ہنر سکھائے جاتے ہیں، اسلام آباد کے مختلف اسکولوں میں 1700 سے زائد خصوصی بچے عام بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے ہیں، خصوصی بچوں کو تعلیم دینے کیلئے قومی تربیتی مرکز اب تک 850 اساتذہ کی تربیت مکمل کرچکا ہے۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے مرکز میں موجود مختلف لیبارٹریوں اور تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خصوصی بچوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنے پر مرکز کی خدمات کو سراہا ۔ خاتون اول نے نجی شعبے کے تعاون سے خصوصی افراد کو نوکریاں دلانے کیلئے مرکز کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ خاتون اول نے تربیت مکمل کرنے والے خصوصی طلبائ میں ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=353289