اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو مساوی مواقع اور حقوق فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خصوصی افراد کو مساوی مواقع اور حقوق فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمارے ملک میں خصوصی افراد کی بہبود کے لئے جامع پالیسیاں بنائی گئی ہیں
اور ان پر عمل بھی کیا جا رہا ہے تاکہ یہ افراد بھی ایک باعزت اور خودمختار زندگی بسر سکیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی، ان کی قابلیت کو تسلیم کرنا اور ان کے لئے وسائل اور مواقع فراہم کرنا ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی نشانی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ذمہ داری کو بہتر طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔