خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لئے حکومت اور نجی شعبہ مل کر آگے بڑھیں گے، پارلیمنٹ ہائوس میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکا کا عزم

106

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پارلیمنٹ ہائوس میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے اور ان کے راستے میں حائل مشکلات کے ازالے کے لئے حکومت اور نجی شعبہ مل کر آگے بڑھے گا۔ جمعرات کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے جانے والے خصوصی افراد کے عالمی دن کے سلسلہ میں تقریب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرمحمد اعظم خان سواتی، وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان، رکن اسمبلی منزہ حسن، احمد حسین اور دیگر نےشرکت کی۔ اس کے علاوہ خصوصی افراد کے لئے خدمات سر انجام دینے والے اداروں اور خصوصی افراد نے شرکت کی ۔ رکن قومی اسمبلی منزہ حسن نے کہا کہ سپیکر کی زیر قیادت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ غیر سرکاری تنظیم سٹیپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاطف شیخ نے کہا کہ حکومت اور غیر سرکاری ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ تقریب کو بتایا گیا کہ عالمی بنک کی رپوٹ کے مطابق دنیا میں 15 فیصد افراد معذوری کی زندگیاں بسر کر رہے ہیں ۔ ایک غیر سرکاری تنظیم کی ڈائریکٹر ابیہہ اکرم نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں خصوصی افراد کے لئے تقریب پارلیمنٹ کی سطح پر منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر سپیکر نے خصوصی افراد کو خدیجۃ الکبری ایوارڈ دیا۔تقریب کے دوران خصوصی افراد اور بچوں کی پرفارمنس قابل دید رہی۔ خصوصی افراد نے نعت اور قوالی بھی پیش کی۔ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کی گئی کوششوں پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی کی صاحبزادی ظل قیصر نے بھی شرکت کی۔ظل قیصر بھی خصوصی افراد میں شامل ہیں۔