خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، بیگم ثمینہ عارف علوی

282

ملتان۔1مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک تعلیمی نظام بہتر کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ہمیں بھی تعلیم پر بھرپورتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کو گورنمنٹ سیکنڈری سکول برائے سپیشل ایجوکیشن(متاثرہ سماعت طلبا)میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ، سی ای او تارے زمین پرٹرسٹ فادیہ کاشف اور دیگرضلعی افسران بھی موجودتھے۔

بیگم ثمینہ عارف نے مزید کہاکہ تارے زمین پر ٹرسٹ کی سی ای او فادیہ کاشف خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت پر جو اقدامات اٹھا رہی ہیں وہ قابل تعریف ہے ۔ہم سب کو مل کر خصوصی بچوں پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ یہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی بچے نہ صرف باصلاحیت ہوتے ہیں بلکہ بھرپور ذہانت کے مالک ہوتے ہیں۔انہیں آگے بڑھنے کے لیے صرف مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ صدرمملکت عارف علوی جب گزشتہ دور حکومت میں رکن قومی اسمبلی تھے تو میں نے ان کے حلقے میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر دی اوران کے حلقہ انتخاب سے 52سکولوں کی فہرست تیار کی جہاں پر نہ صرف انفراسٹرکچر بہتر کیاگیا بلکہ تعلیم کے نظام میں بھی بہتری لائی گئی۔ان سکولوں میں ایک ریلوے کا سکول بھی تھا ۔

ہم نے اس کی بہتری کے لیے جو اقدامات کیے اس کی تعریف اس کے وقت کے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی کی تھی۔ خاتون اول نے کہاکہ سکولوں میں صرف دیواریں ٹھیک کرنے اورمرمتی کے کام سے تعلیم بہتر نہیں ہوتی اس کے لیے بہتر تعلیم نظام کی ضرورت ہے اور میں پنجاب حکومت سے گزارش کرتی ہوں کہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے جو فائلیں میزوں پر پڑی ہیں ان پر تیزی سے کام کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ میں پنجاب حکومت سے یہ بھی توقع رکھتی ہوں کہ وہ خصوصی افراد کی تعلیم کے لیے مزید ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے کیونکہ خصوصی بچوں کو ایسی بامقصد تعلیم کی ضرورت ہے جو آگے چل کے ان کے روزگار کے حصول کا ذریعہ بن سکے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے تارے زمین پرٹرسٹ کے شعبہ تعلیم کی سربراہ سکینہ حلائی نے بتایا کہ تارے زمین پرٹرسٹ خصوصی افراد کی بحالی کے لیے کوشاں ہے ۔ جہاں بھی خصوصی بچوں کو کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو ٹرسٹ آگے بڑھ کر ان کو سہارا دینا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ادارہ خصوصی بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ہرممکن کوشش کر رہا ہے اوراس ادارے نے سماعت سے محروم بچوں کو سماعت کے آلات لگوائے اوراس سکول کی عمارت کی تعمیر ومرمت پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ جب بچے یہاں سے میٹرک پاس کرکے جائیں تو وہ اپنے روزگار کاانتظام بہتر انداز میں کرسکیں۔اس سلسلے میں ہمیں سکول کی بھی معاونت درکار ہے اورسپیشل ایجوکیشن کے ساتھ ایم اویو سائن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹرسٹ کے لیے اس کو بہتر کرنا ممکن اور آسان ہوسکے۔

بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ نے کہا کہ میں خاتون اول ثمینہ علوی کا ممنون ہوں کہ وہ خصوصی بچوں کی بحالی اور ان کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پنجاب میں 303سے زائد ادارے پانچ کیٹیگریز میں خصوصی بچوں کے لیے کام کررہے ہیں اور موجودہ حکومت خصوصی بچوں کے لیے 80کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ماڈل ویلج بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس میں بچوں کو جدید ترین سہولیات کے علاوہ جوائے لینڈ اورآڈیٹوریم بھی بنائے جائیں گے