بہاولپور۔ 03 دسمبر (اے پی پی):خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جامعہ اسلامیہ خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بہت فعال اور مثالی کردار اداکررہی ہے۔ یونیورسٹی میں خصوصی طلبہ وطالبات کے لیے تعلیمی اور رہائشی سہولیات مفت ہیں۔ ملازمتوں اور داخلوں کے لیے بھی حکومتی پالیسی کے مطابق 2فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے۔اسی طرح اسپیشل طلبہ و طالبات کو گھروں اور ہوسٹلز سے یونیورسٹی کیمپسز اور شعبہ جات تک سفر کی آرام دہ سہولت میسر ہے۔
اسکے لیے سپیشل وین اور ڈرائیور دستیاب رہتے ہیں ۔ تمام ہوسٹلز اور تدریسی شعبہ جات میں ان افراد کی نقل و حمل کے لیے خصوصی ریمپس بنائے گئے ہیں اور وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یونیورسٹی میں قائم اسپیشل افراد کا سہولت مرکز فعال ہے اور سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔ دریں اثناء سپیشل ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ، سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب ،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی بہاول پور اور ایچ ایچ آرڈی اِدارے کے اشتراک سے بغدادالجدید کیمپس کے مرکزی آڈیٹوریم میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر ڈین فیکلٹی آف فاصلاتی تعلیم، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ، عمر فاروق چیئر مین پی ایچ اے ،
روبینہ اقبال عباسی ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ، عمر شریف ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن اور زاہد اجمل ریجنل منیجر ایچ ایچ آر ڈی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بہاو لپور کے خصوصی تعلیمی اِداروں سے آئے ہوئے خصوصی طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔