اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے منفردصلاحیتوں کے حامل بچوں کی جامع تعلیم کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو عام اسکولوں میں تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کو تربیت دی جائے،منفرد صلاحیتوں والے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ناگزیر ہے ۔
وہ جمعہ کومنفرد صلاحیتوں والے بچوں کی تعلیم سے متعلق ماہرین سے ملاقات کر رہی تھیں ۔خاتون اول نے خصوصی بچوں کی تعلیم کی امریکہ میں مقیم ماہر ڈاکٹر فوزیہ خان سے ملاقات کی ۔خاتون اول نے عالمی ادارہ صحت ، نجی تعلیمی اداروں کی ریگولیٹری اتھارٹی اور سپیشل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی ۔
خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی جانب امتیازی سلوک کا تدارک کرنا ہوگا،بیگم ثمینہ علوی نے پاکستان میں ماسٹر ٹرینرز کو خصوصی اور جامع تعلیم کے حوالے سے آن لائن تربیت دینے میں امریکی ماہر ِتعلیم کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی خصوصی تعلیم کی تربیت سے پاکستانی اساتذہ فائدہ اٹھائیں، خصوصی بچوں کو نجی و سرکاری اداروں میں تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے ۔
ملاقات میں خصوصی اور جامع تعلیم کیلئے اب تک کیے گئے اقدامات بارے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ملاقات میں اسلام آباد میں جامع کلاس روم میں خصوصی بچوں کو پڑھانے کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔شرکاء نے خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے اساتذہ کی تربیت کا آغاز پرائمری سطح سے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔