خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے پاکستان اور انڈونیشیا کےدرمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت

136
Special Investment Facilitation Council (SIFC)
Special Investment Facilitation Council (SIFC)

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان اور انڈونیشیا کےدرمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق انڈونیشیا اور پاکستان نے (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے معیشت اور تجارت سمیت باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا کا انعقاد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

بزنس ٹو بزنس سطح پر ہونے والے دو طرفہ تجارتی معاہدوں پر دستخط سے نہ صرف باہمی تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔پاکستان اور انڈونیشیا نے اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے، جو دونوں ملکوں کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ جی 20 کے رکن کی حیثیت سے انڈونیشیا اپنے تجربات اور کامیابیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو معاشی استحکام میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔یہ تعاون نہ صرف تجارتی حجم بڑھانے بلکہ تکنیکی علم کے تبادلے اور اقتصادی پالیسیوں کے نفاذ میں بھی پاکستان کے لیے مفید ہوگا، جس سے طویل المدتی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلے میں حال ہی میں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا کا انعقاد کیا گیا۔

اس اہم تقریب کے دوران دونوں ممالک نے 10.70 ملین ڈالر مالیت کے بزنس ٹو بزنس تجارتی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے، جو باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔یہ معاہدے نہ صرف تجارت کو فروغ دیں گے بلکہ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات میں ایک نیا باب کھولیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات بڑھیں گے، جس سے کاروباری برادریوں کو بھی فائدہ ہوگا اور معیشتوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔