خصوصی پارلیمانی کمیٹی کشمیر کا ان کیمرہ اجلاس ( آج) ہوگا ، وزارت خارجہ ، وزارت امور کشمیر اہم امور پر کمیٹی کو بریفنگ دے گی

104
Special Parliamentary Committee on Kashmir
Special Parliamentary Committee on Kashmir

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):خصوصی پارلیمانی کمیٹی کشمیر کا ان کیمرہ اجلاس ( کل ) جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا ۔شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر ہونے والی پیش رفت پر وزارت خارجہ جبکہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے حوالے سے وزارت امور کشمیر کی جانب سے کشمیر پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کو بریفنگ دی جائے گی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق کشمیر سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین رانا محمد قاسم نون کریں گے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں پارلیمانی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کے منٹس کی توثیق کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں ہونے والی سفارتی کوششوں کا تفصیلی جائزہ شامل ہے۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کی جانب سے کشمیر میں حالیہ انتخابات کے بعد کی صورتحال اور انتخابی نتائج کا تجزیہ پیش کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ، وزارت امور کشمیر اجلاس کو کشمیر میں پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے حوالے سے پیش رفت، چیلنجز، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دے گی۔ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر کی جانے والی سرگرمیوں اور ان کے اہداف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔