خصوصی کھلاڑی جدید بسوں سے باآسانی گرانڈز تک سفر کرسکیں گے، وزیراعلی محمودخان

60
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر لواحقین سے اظہارتعزیت

پشاور۔1اپریل (اے پی پی):وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ سپورٹس فار آل ویژن کے تحت خصوصی افراد کی گرانڈ اور کھیلوں تک رسائی ممکن بنانے کیلئے دو بسیں تیار کردی ہیں جس کے ذریعے خصوصی کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت میں آسانی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں مہیا کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا نے وزیراعلی ہائوس پشاور میں محکمہ کھیل و سیاحت کی جانب سے خصوصی کھلاڑیوں کیلئے تیار کی جانے والی دو بسوں کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بس کا افتتاح خیبرپختونخوا کی خصوصی کھلاڑی مسما شیراز کے ذریعے فیتہ کاٹ کے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری محکمہ سیاحت و کھیل محمد عابد مجید، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کے کھلاڑیوں کیلئے مہیا سہولیات پر ڈاکٹر سپورٹس سٹریٹیجی پروگرام شروع کیا ہے جس کی سٹڈی کی جارہی ہے جس کے تحت ان تک کھلاڑیوں کی پہنچ یقینی بنانا ہے۔ اسی سٹریٹیجی کے تحت ان خصوصی افراد کیلئے یہ بسیں تیار کی گئی ہیں تاکہ وہ باآسانی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شریک ہوسکیں۔

سیکرٹری محکمہ سیاحت و کھیل محمد عابد مجید نے کہاکہ اس سے قبل ان خصوصی کھلاڑیوں کو بسوں اور ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کیلئے ان کو کسی دوسرے فرد کی مدد درکار ہوتی تھی تاہم ان بسوں کو ان افراد کیلئے تیار کیا گیا ہے جس میں مشین کی مدد سے یہ باآسانی ان میں سوار ہوکے اپنا سفر کرسکیں گے۔

ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بس محکمہ سیاحت کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے دی گئی تھی جبکہ دوسری بس ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے ان خصوصی افراد کیلئے تیار کی ہے۔ ان بسوں کی مدد سے اب خصوصی کھلاڑی سہولت کیساتھ ایک شہر سے دوسرے شہر اور ڈسٹرکٹ میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرسکیں گے۔