کوئٹہ۔ 09 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار سے اغوا ہونے والی خاتون کی بازیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں ، لیویز، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور معاونت کار اداروں کو خاتون کی بازیابی کیلئے کامیاب کارروائی پر شاباش دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کر دہ بیان میں کیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اغواءہونے والی خاتون کی بازیابی سے انصاف اور قانون کی بالادستی کی صورت میں حکومت پر عوام کا اعتماد بحال رہا ہے۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنے میں حکومت کا عزم مضبوط ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہا جس کے نتیجے میں اغوا کی واردات کا حل نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تمام پہلوو ں سے تحقیقات جاری ہیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف ضرور ملے گا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلے بھی کہا، اب بھی کہتا ہوں، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557850