ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 27 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان ( )خطرناک ملزمان گرفتار، چوبیس گھنٹوں میں اندھے قتل کا سراغ لگالیاگیا، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک کینگ بے نقاب، لاکھوں کی نقدی، زیورات اور آلہ قتل برآمد ، ضلعی پولیس سربراہ نے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ کڑی خیسور کی حدود میں کچہ ملی خیل کے 34 سالہ نوجوان رمضان ولد امیر عمر کے قتل کیس کو 24 گھنٹے میں ٹریس کیا گیا۔ کیس میں جیو فینسنگ اور موبائل ڈیٹا کے ذریعے ملزم عدنان ولد عبدالمجید کو گرفتار کرکے آلہ قتل اور مقتول کا موبائل برآمد کر لیا گیا۔ قتل کی وجہ ذاتی تنازعہ اور دوستی بنی۔
اسی طرح تھانہ یارک کی حدود میں بنوں روڈ پر مسافروں سے ڈکیتی اور لوٹ مار کرنے والے گینگ کو بھی پولیس نے کامیابی سے گرفتار کیا۔ گینگ کے سرغنہ شاکر اللہ عرف فدا محسود سمیت دیگر ملزمان کے قبضے سے لوٹے گئے موبائل فونز، نقدی، اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ یہ گینگ ٹانک میں بھی کروڑوں روپے مالیت کی ڈکیتیوں، زیورات اور دیگر جرائم میں ملوث رہا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مزید پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔ پولیس پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ آخر میں انہوں نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو اللہ کی مدد اور محنت کا نتیجہ قرار دیا اور عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔