سی پیک سے خطے کے ممالک میں معاشی تعلقات بڑھیں گے ، ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہوگا،پاکستان کے چاروں صوبوں کو سی پیک منصوبے سے یکساں مواقع حاصل ہوں گے
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل ایس ڈی پی آئی میںکانفرنس سے خطاب
خطے میں امن و خوشحالی کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے،سرتاج عزیز
حکومت پائیدار ترقی کے حصول کے لئے وژن 2025ءکے تحت متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے،وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد
اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) سے خطے کے ممالک میں معاشی تعلقات بڑھیں گے جس سے ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ چاروں صوبوں کو سی پیک منصوبے سے یکساں مواقع حاصل ہوں گے جس سے خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ڈی پی آئی میں 19 ویں پائیدار ترقی کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے چینی سرمایہ کاروں کی طرف سے ملک میں 150 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تاپی اور کاسا 1000 منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لئے تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبوں کے درمیان امتیاز کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور تمام صوبوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ کانفرنس کے افتتاح پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ خطے میں امن و خوشحالی کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔