خطے میں تعمیر و ترقی کی رفتار کو تیز کیا جائے گا، پیچھے رہنے والے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

105
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت۔30اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ خطے میں تعمیر و ترقی کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور تعمیر وترقی کے حوالے سے پیچھے رہنے والے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے محکمے کے حوالے سے دی جانے والی برفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےکیا،

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تھرو فارورڈ کم کیا جائے گا، صوبے میں اضلاع کے مابین عدم توازن کے رجحان کو بتدریج ختم کریں گے، عوام اور علاقے کےوسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کیا جائے گا، گلگت بلتستان لیول کی سکیموں میں تمام اضلاع کے شیئر کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو دی جانے والی ریلیز کو دو کوارٹرز میں دینے کیلئے نگران وزیر اعظم پاکستان سے حالیہ ملاقات میں سفارش کی ہے جس پر نگران وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے ریلیز کے عمل کو بہتر بنائیں گے اور ہماری اے ڈی پی اور پی ایس ڈی پی کی ایلوکیشن بھی بڑھائیں گے تاکہ سکیمیں بروقت تکمیل پذیر ہوں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں بجلی بحران کو کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلوں کی ریکوری کے نظام کو بہتر بنانے اور محکمے کے بہتر گورننس کیلئے فریم ورک کے حوالے سے سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کے اختیار کو صوبہ منتقل کرنے کے باوجود پی ایس ڈی پی منصوبوں کی رفتار میں بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سطح پر ماہانہ بنیادوں پر پی ایس ڈی پی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ چیف سیکرٹری کی سطح پر ہر دو ماہ بعد پی ایس ڈی پی منصوبوں کی رفتار کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوگا ،

اسی طرح وزیر اعلیٰ کی سطح پر ہر تین ماہ بعد پی ایس ڈی پی منصوبوں کے معیار اور رفتار کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو سالانہ ترقیاتی پروگرام، پی ایس ڈی پی اور محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔