ماسکو۔15دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت سے نمٹنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے یہ بات ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ اس موقع پر سرگئی لاروف نے کہا کہ روس نے خلیج کے علاقے میں اعتماد کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے تا کہ امن کو یقینی بنایا جا سکے۔لیبیا کے حوالے سے اماراتی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ لیبیا کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے اور شدت پسند جماعتیں سیاسی منظر نامے پر چھائی ہوئی ہیں۔شیخ عبداللہ نے واضح کیا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ جامع تزویراتی تعلقات رکھتا ہے۔ انہوں نے خطے میں روسی منصوبوں کا خیر مقدم کیا۔اماراتی وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک سپٹنک ویکسین کے تجربات کے حوالے سے روس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔سرگئی لاروف نے بتایا کہ انہوں نے اماراتی وزیر خارجہ کے ساتھ خطے میں پیش رفت کے متعلق بات چیت کی۔ روسی وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک کورونا کی وبا سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔