خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان اور روس کے مابین تعلقات ناگزیر ہیں،زاہد اکرم درانی

164
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی متاثرہ ملازمین کی بحالی کیلئے احکامات اورسفارشات پرعمل درآمد کی رولنگ

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہاہے کہ خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان اور روس کے مابین تعلقات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یہ بات روس میں تعینات پاکستان کے سفیر شفقت خان سے ماسکو میں ملاقات میں کہی۔ملاقات میں سفارتخانے کے عملے کے دیگر افراد بھی موجود تھے ۔ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ڈپٹی سپیکر نے اس موقع پرکہاکہ پاکستان اور روس کے مابین دوستانہ تعلقات موجود ہیں اورپاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور توانائی کے فروغ اور ویزا سمیت روس میں زیر تعلیم طلبا کو درپیش مسائل کو زیر غور لانا چاہتا ہے ، ڈپٹی اسپیکر نے روس میں تعینات سفارتی عملے کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور روس کے مابین تعلقات خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں، پاکستانی سفیر شفقت خان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا اورکہاکہ پاکستان اور روس کے مابین تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، روس اور پاکستان خطے کے اہم ممالک تصور کیے جاتے ہیں، روس میں قائم پاکستانی سفارتخانہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، توانائی سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مصروف عمل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ روس میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا اور ویزا سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہے۔