لاہور۔5اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جمعہ کے روز اپنے پیغام میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصلی صورت میں بحال کیا جائے۔
مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑرہا ہے۔
سپیکر نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال کو بند کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سختی سے مذمت کی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی وہ یاسین ملک سمیت بھارتی جیلوں میں قید تمام حریت رہنماوں کے رہائی کیلیے اپنا کردار ادا کرے۔