خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے علاقائی فورمز کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مختلف ممالک کے پارلیمانی سربراہان سے ملاقاتوں میں اظہار خیال

97

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے علاقائی فورمز جن میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی، اسلامی ممالک کی تنظیم اور دیگر شامل ہیں، کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور یہ فورمز علاقائی قیادت کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ازبکستان کی پارلیمنٹ کی سپیکر تنزیلہ ناربیاوا، ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر محمد باقر غالبف، عمان کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور دیگر ممالک کے پارلیمانی سربراہان سے ملاقاتوں میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کو اہم فورم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور ایران مذہبی،ثقافتی اور سماجی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے عوامی رابطوں کے فروغ اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔ازبکستان کی سپیکر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے عمان، انڈونیشیا،بحرین اور دوسرے ممالک کے پارلیمانی رہنمائوں سے ملاقات میں پائیدار ترقی اور خطے کی مجموعی خوشحالی کے لیے اے پی اے کے پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی اے رکن ممالک کو موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور اس طرح کے دوسرے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا تاکہ عوام کی بھلائی کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام پارلیمانی سربراہان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔