اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):خطے کے 9مختلف ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 7.85 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران خطے کے 9ممالک بشمول افغانستان، چین ، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کو کی جانے والی قومی برآمدات کا حجم 2.404 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2023 کے دوران ان ممالک کو 2.229 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران خطے کے 9 ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 0.175 ارب ڈالر یعنی 7.85 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید برآں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی قومی برآمدات میں 10.52 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کی مالیت 16.56 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مجموعی قومی برآمدات سے 14.98 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مجموعی قومی برآمدات میں علاقائی ممالک کو کی جانے والی برآمدات کا حصہ 14.51 فیصد ہے۔