اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے خطے میں اس وقت 55 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو نہ صرف وہاں کی معیشت کا حصہ ہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی معاشی لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔پیر کو اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معاشی استحکام میں انتہائی اہم کردار ہے، خاص طور پر ترسیلات زر کے ذریعے وہ پاکستان کی معیشت کے استحکام میں مسلسل کردار ادا کر رہے ہیں۔
سفیر احمد فاروق نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے بڑے تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ تر پاکستانی کارکنان شامل ہیں، جو اپنی محنت اور صلاحیتوں سے وہاں کے انفراسٹرکچر میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں حالیہ برسوں میں کئی مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن سے پاکستانیوں کے لئے مزید مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان تبدیلیوں میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، ویزا پالیسی میں نرمی، اور ہنرمند افراد کے لئے نئے روزگار کے مواقع شامل ہیں۔
سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سفیر احمد فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونِ ملک روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں ہنر اور مہارت کے فروغ پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مقابلہ بڑھ رہا ہے، اور اگر پاکستانی نوجوان جدید تقاضوں کے مطابق ہنرمند بنیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کے لئے بھی قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581585