ریاض۔26جنوری (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے عمرہ ادائیگی کو آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے ایکس اکاونٹ پر اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے شہریوں کو عمرہ کی آدائیگی کے لیے سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں وہ زمینی یا فضائی راستے سے جب بھی چاہیں مملکت آسکتے ہیں۔
خلیجی شہریوں کے لیے’نسک‘پلیٹ فارم پرعمرے کی بکنگ حاصل کرنے کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔ وزارت حج وعمرہ نے عمرہ پرمٹ کے حصول کو انتہائی آسان بناتے ہوئے مسجد نبوی کی زیارت کے لیے ریاض الجنہ پرمٹ کے حصول پر بھی زور دیا ہے تاکہ آرام وسکون سے زیارت کی جاسکے۔