خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں5.75 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

67
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) سعودی عرب کے علاوہ خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے رکن ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے دوران5.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر فروری2020ء تک کی مدت میں قطر، اومان، بحرین اور کویت میں مقیم پاکستانیوں نے 1.453 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 1.374 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا گیا تھا۔ اس عرصہ میں اومان میں مقیم پاکستانیوں کی طر ف سے 489.59 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں16.02 فیصد زیادہ ہے۔ جاری مالی سال میں قطر میں مقیم پاکستانیوں نے 304 ملین ڈالر مالیت کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں20.90 فیصد زیادہ ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سا ل میں اب تک 3.473 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں3.95 فیصد زیادہ ہے۔ موجودہ حکومت نے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع اقدامات اٹھائے ہیں جن کے نتیجہ میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے زرمبادلہ ملک ارسال کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ مالی سال کے دوران ترسیلات زر میں مجموعی طور پر7.63 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ جاری مالی سال کے 8 ماہ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 5.37فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔