خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف بن فلاح الحجراف اوروفد کا اسلام آباد پہنچنے پر استقبال

61

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف بن فلاح الحجراف وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو یہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف بن فلاح الحجراف اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل پاکستان کی اہم شخصیت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے حوالے سے بات چیت بھی ہو گی ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کی آمد پاکستان کی خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کی دلیل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام خلیجی ممالک اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے اور اسلامی ممالک کے قائدین کے پاکستان کے دورے اور پاکستان کی قیادت کے اسلامی ممالک کے دورے اس کی واضح مثال ہیں، حالیہ دو ہفتے قبل جس طرح اسلامی تعاون تنظیم ممالک کے وزرا خارجہ نے پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آ کر اس کا عملی مظاہرہ کیا ہے وہ ساری دنیا کے سامنے ہے۔ واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دی تھی۔