لاہور۔21نومبر (اے پی پی):لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار و اداکار خلیل الرحمن قمر کو ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار فلک شیر کی دائر درخواست ضمانت پر سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت کے روبرو درخواست گزار فلک شیر کے وکیل نے دلائل پیش کیے اور موقف اختیار کیا کہ ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور اب اس سے مزید کسی قسم کی تفتیش بھی درکار نہیں استدعا ہے کہ ملزم کی ضمانت پر رہائی کا حکم صادر کیا جائے ۔