اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے پاکستان کے سیاحت کے شعبے کے لیے ایک نئے دور کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خنجراب میں موسم سرما کے تاریخی افتتاح نے عالمی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی منزلیں طے کی ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس امید کا اظہار کیا کہ خنجراب پاس پر سال بھر کی سیاحت مقامی کمیونٹی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی جس سے ان کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے خنجراب پاس کے موسم سرما کے تاریخی افتتاح کو پاکستان کی سیاحتی صنعت کے لیے ایک ‘ٹرننگ پوائنٹ’ قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی اقدام بے مثال ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے جو سیاحت کے لیے نئی راہیں کھولے گا اور ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر پاکستان کی ساکھ کو مستحکم کرے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جو پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔