خواتین انٹر پرنیورز کے وفد کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات

2

کراچی۔ 27 جون (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کی خواتین انٹر پرنیورز کے وفد نے شبانہ آصف کی سربراہی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد چدھڑ سے یہاں ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی میں تاجر خواتین کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر خواتین کاروباری شخصیات کو درپیش اہم مسائل پر کھل کر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، استعداد کار میں اضافہ اور عالمی تجارتی سرگرمیوں میں خواتین کی نمائندگی کو بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر بات کی گئی۔

اجلاس میں ٹی ڈیپ کے سالانہ بزنس پلان 2025-26 کے تحت خواتین تاجروں کے لیے مختلف شعبہ جات پر مشتمل وفود کو بین الاقوامی تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو ٹی ڈی اے پی نے وفد کو آگاہ کیا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کاروباری خواتین کے لیے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ اتھارٹی میں خواتین کے لیے الگ ویمن انٹرپرینیور ڈویژن قائم ہے، جس کی سربراہی سینئر ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز افسر کر رہی ہیں۔

یہ ڈویژن خواتین کو رہنمائی اور معاونت فراہم کرتا ہے۔ ٹی ڈی اے پی مختلف علاقوں میں سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے تاکہ برآمدات سے منسلک خواتین کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی نمائشوں میں حصہ لینے والی خواتین کو سبسڈی کی بلند سطح فراہم کی جاتی ہے اور ان نمائشوں میں خواتین کی شرکت کے لیے مختص کوٹہ بھی مقرر ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے وفد پر زور دیا کہ وہ ٹی ڈیپ کی بین الاقوامی نمائشوں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ملک کی برآمدات میں اضافے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ مالک I.F ڈیزائن اسٹوڈیو ستم فواد اور میرپورخاص چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی رکن صدف رضا نے چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ سے خواتین کاروباری شخصیات کے ترکی اور دیگر ترقی پذیر و ترقی یافتہ ممالک کے دوروں کے لیے معاونت کی درخواست کی تاکہ وہ کاروباری مواقع تلاش کر سکیں۔ چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ نے ان پر زور دیا کہ ممکنہ خواتین برآمدکندگان کی نشاندہی کریں اور ٹی ڈیپ کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن کو مناسب تجاویز پیش کریں تاکہ ان پر بروقت جائزہ لے کر سازگار فیصلے کیے جا سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر وفد نے بالخصوص وفد کی سربراہ نے، چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ کا شکریہ ادا کیا اور جلد از جلد تجاویز شیئر کرنے اور آئندہ فالو اپ ملاقاتیں جاری رکھنے کا عند یہ دیا تاکہ خواتین کی قومی ترقی میں شراکت اور خاص طور پر ملکی برآمدات میں اُن کی مؤثر شمولیت کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔