خواتین اور بچوں کے اندرون و بیرون ملک سمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل خوش آئند ہے ، سید کوثر عباس

114

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے خواتین اور بچوں کے اندرون و بیرون ملک انسانی سوداگری اور سمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے اور کمزور و معصوم لوگوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس ایس ڈی او حکومتی اداروں کو اس مشن میں تکنیکی معاونت اور آگاہی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت پنجاب حکومت کے انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی سمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔

واضح رہے کہ یہ کمیٹی 29 اکتوبر 2024 کو اسمبلی کے اجلاس میں ایک قرارداد کی متفقہ منظوری کے بعد بنائی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار نے خصوصی کمیٹی بنانے کی قرارداد پیش کی تھی جس کو سپیکر پنجاب اسمبلی نے منظور کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے تھے۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ایم پی اے عظمیٰ کاردار کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے۔کمیٹی میں ایم پی اے اسما احتشام الحق ، وقار احمد چیمہ ،سید رفعت محمود ، طارق سبحانی ، محمد عون حمید ، عدنان افضل چٹھہ، سارہ احمد ، زرناب شیر ، چوہدری اعجاز ، اسماء ناز اور خالد محمود رانجھا پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و پارلیمانی امور کمیٹی کے ممبرز ہیں ، اس کمیٹی کا مقصد انسانی سمگلنگ ( ٹی آئی پی ) اور سمگلنگ آف مائیگرینٹس (ایس او ایم ) کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پالیسیوں اور حکمت عملیوں کو تشکیل دینا ہے۔