اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ خواتین اور غیرمسلموں کے لئے مختص قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے امیدواران کے لیے انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 21 فروری مقرر ہے ۔
منگل کو یہاں ترجمان الیکشن کمیشن اپنے ایک بیان میں کہا کہ خواتین اور غیرمسلموں کے لئے مختص قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے ایسے تمام امیدواران جن کا نام حتمی فہرست (فارم-33) میں موجود ہے، کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جاتی ہے کہ انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ21 فروری مقرر ہے ،
لہذا خواتین اور غیرمسلموں کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ انتخابی اخراجات کے گوشوارے(فارم-C) متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں مقرر تاریخ کے اندر جمع کروائیں، بصورت دیگر مخصوص نشستوں کے امیدواران کی کامیابی کا نوٹیفکیشن اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک انتخابی اخراجات کا گوشوارہ(فارم-C) جمع نہیں کروائیں گے۔