ایبٹ آباد۔ 5 مئی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی سیدہ شہلا شاہ نے کہا ہے کہ خواتین دستکاری کے ذریعہ ملک بھر میں اپنے کام کو متعارف کروا کر بہترین ذریعہ معاش کما سکتی ہیں، دستکاری نمائشوں کے ذریعہ خواتین کے کام کو متعارف کروانے کا یہ بہترین پلیٹ فارم ہے، وہ یہاں خواتین کی پانچویں دستکاری نمائش میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔
رکن صوبائی اسمبلی سیدہ شہلا شاہ کا نمائش پہنچنے پر سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے پرتپاک استقبال کیا،منزہ حیات نے اس موقع پر بہترین میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ سیدہ شہلا شاہ نے کہا کہ خواتین کو آگے بڑھ کر اپنے ہنر کو ملک بھر سمیت دنیا بھر میں متعارف کروانا چاہئے، یہ کام خواتین کو معاشی آزادی اور خود کفالت کو فروغ دینے میں بھرپور مدد فراہم کر رہا ہے۔ بعد ازاں سیدہ شہلا شاہ نے دستکاری نمائش میں لگے تمام سٹالز کا معائنہ کیا اور ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاءمیں اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور خواتین دستکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔
انہوں نے پانچویں دستکاری نمائش میں شرکت کرنے والی دستکار خواتین کے مسائل سن کر انہیں اسمبلی فلور میں اٹھانے کا بھی وعدہ کیا۔ خواتین اور منتظمین نے رکن صوبائی اسمبلی کا دستکاری نمائش میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592667