اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ خواتین صحافیوں پر آزادی مارچ کی کوریج سے روکنا آئین کی خلاف ورزی اورسیاسی شعور کی توہین ہے، خواتین کے حقوق کی باتیں کرنے والی تنظمیں نوٹس لیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر بابر اعوان نے خواتین صحافی اور اینکرز پر کوریج کرنے کی پابندی کوآئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنا آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ خواتین ملک کی اکثریتی آبادی ہیں، ان پر پابندی کا فیصلہ سیاسی شعور کی توہین ہے، خواتین کے حقوق کی باتیں کرنے والی تنظمیں اس فیصلے کا نوٹس لیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر قیام پاکستان کی تحریک کامیاب نہیں ہوسکتی تھی اور محترمہ فاطمہ جناح کا کردار اس کی واضح مثال ہے۔