خواتین فٹ بالرز کے لئے دو روزہ کوچنگ کلینکس (آج) شرو ع ہوگا،کوچنگ کلینکس دنیور، گلگت اور گلمت، ہنزہ میں منعقد کئے جائیں گے

108

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام خواتین فٹ بالرز کے لئے دو روزہ کوچنگ کلینکس (آج) جمعرات سے گلگت بلتستان میں شرو ع ہوگا،تفصیلات کے مطابق یہ کوچنگ کلینکس دنیور، گلگت اور گلمت، ہنزہ میں منعقد کئے جائیں گے، یہ ا قدام اٹھانے کا مقصد گلگت بلتستان کی نوجوان خواتین فٹ بالرز کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے ہنر کو تراشنے میں مدد کرنا ہے۔ پہلا کوچنگ کلینک، جمعرات 3 ستمبر کو دوپہر 1 بجے محمد آباد دنیور، گلگت فٹ بال گراﺅنڈ میں منعقد ہو گا جبکہ دوسرا کوچنگ کلینک اگلے روز صبح 11 بجے ایف جی بوائز ہائی سکول، گلمت، گوجال، ہنزہ میں منعقد کیا جائے گا،کلینکس کے حوالے سے نیشنل ٹیکنیکل ڈائریکٹر ڈینیل لیمونیس کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں سمیت فٹ بال میں بھی خواتین کو آگے بڑھنے کے اتنے ہی مواقع دیے جائیں جتنے عام طور پر مردوں کو دیئے جاتے ہیں اور یہ کلینکس گلگت بلتستان کی نوجوان خواتین فٹ بالرز کے لئے ایک قدم آگے بڑھنے کا موقع ہے، پی ایف ایف کی جنرل سیکرٹری منیزے زینلی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی خواتین فٹ بالرز کے ہنر کو دیکھا جائے تو یہ بات کافی اہم ہو جاتی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں اور یہ کوچنگ کلینکس اس علاقے میں فٹبال کی ترقی کے لئے کیے جانے والے پہلے اور آخری اقدامات نہیں ہوں گے۔