فیصل آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرشاہدہ آفتاب نے بتایاکہ سابقہ روایات کے مطابق اس بار بھی ہفتہ 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن پروقار طریقے سے منایا جا ئے گا۔ اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ خواتین کا عالمی دن پہلی بار 1911 میں منایاگیاجس کے بعد اقوام متحدہ نے 1975 میں اسے باقاعدہ طور پر خواتین کا عالمی دن قرار دے دیا اور اس دن کے بعد سے آج تک ہر سال 8مارچ کو خواتین کاعالمی دن بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں اکاون فیصد خواتین ہیں اور بحیثیت خواتین ہمیں اس امر کو جاننے کی ضرورت ہے کہ مذکورہ اکیاون فیصد خواتین کا معاشرے کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی و فلاح سمیت نیشن بلڈنگ میں کیا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ملک کی وزیر اعظم، سپیکر اسمبلی، پائلٹس، انجینئرز، ڈاکٹرز،وفاقی و صوبائی وزیر،سائنسدان،آئی ٹی ماہرین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے
جبکہ معاشرے میں 51فیصد خواتین کو اپنا اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے مساوی حیثیت سے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا نیزاگرورکنگ وومن اپنی عزت و عظمت کا خیال رکھتے ہوئے اپنا کام ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیں گی تو کامیابی انکا مقدر بنے گی۔ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہپاکستانی معاشرہ کے ہر شعبہ میں بھرپور ترقی یقینی بنانے سمیت تھوڑی سے محنت سے زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کی بدولت انہوں نے پہلے بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا شاندار و لازوال اور مثالی کردار ادا کیاہے جبکہ ۱ٓئندہ بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ معاشرے میں مردوں کے مساوی حیثیت رکھتے ہوئے ہمیں ان کے شانہ بشانہ کام کرنا ہے۔
صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مزید کہا کہ دین اسلام نے عورتوں کو باعزت مقام دیا ہے جنہیں حقوق فراہم کئے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا دن منانے کا مقصد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا اور ان کے بنیادی حقوق سے متعلق آگاہی پیداکرنا ہے۔