خواتین پی ٹی آئی کا ہراول دستہ ہیں، 27 مارچ کا جلسہ عوام کی تعداد اور نتائج کے اعتبار سے نئے ریکارڈ قائم کرے گا ،علی نواز اعوان

69

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ خواتین پاکستان تحریک انصاف کا ہراول دستہ ہیں 27 مارچ کے جلسے کی کامیابی میں بھی خواتین کا کردار اہم ہے او آئی سی کے 57 رکن ممالک کی کامیاب کانفرنس کروانے پر وزیراعظم عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں سیکٹر ایف سیون میں 27 مارچ کے جلسے کے حوالے سے خواتین کے آگاہی کیمپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جس میں خواتین کی تعداد سب سیاسی جماعتوں سے زیادہ ہے اور انہیں بھرپور نمائندگی دی جاتی ہے ،27 مارچ کے جلسے میں بھی انشاءاللہ خواتین ریکارڈ تعداد میں شرکت کریں گی ،یہ جلسہ ملکی تاریخ میں تعداد اور نتائج کے حوالے سے نئے ریکارڈ قائم کرے گا،

اسلام آباد میں 57 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کانفرنس کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ کامیاب کانفرنس کرانے پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں ،آج پاکستان پوری دنیا کا مرکز ہے 24 سال بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کھیل رہی ہے جہاں پہلے کوئی آنے کا سوچتا بھی نہیں تھا۔

اس موقع سینیٹر فوزیہ ارشد، رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ اور دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔