پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لاہور گرائمر اسکول پشاور کیمپس کے ایک وفد نے ہادیہ افضل کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں ادارہ کے سینئر اساتذہ عاصم شفیق ، محمد شکیل اور زرک خان شامل تھے
، ملاقات میں صوبے میں تعلیم کے فروغ، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی شمولیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے خیبرپختونخوا کے باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکالر شپ فراہم کرنے اور فروغ تعلیم سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم، تربیت اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرنا انکی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے تعلیم کے میدان میں نجی اداروں کے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا تعلیم یافتہ اور بااختیار ہونا ترقی یافتہ معاشرے کی علامت ہے، اور اس سلسلے میں تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وفد نے گورنر کو یقین دلایا کہ لاہور گرائمر اسکول تعلیم کے فروغ، سماجی بہتری اور یوتھ انگیجمنٹ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔