خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی کا کردار قابلِ ستائش ہے، مریم نواز

5

لاہور۔14جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی کا کردار قابلِ ستائش ہے، پنجاب کی بیٹیوں کو جینے، سیکھنے اور آگے بڑھنے کا پورا حق حاصل ہے، خواتین کی مالی خودمختاری کا ڈیجیٹل ویژن اورہر بیٹی کے ہاتھ میں ٹیکنالوجی کی طاقت ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعلی مریم نواز کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ویمن ایمپاورمنٹ کیلئے پی آئی ٹی بی کے اختراعی و انقلابی پروگرام کے شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں، پنجاب کے ہر ضلع میں صنعت زار پلیٹ فارم ماڈرن سکلزٹریننگ سینٹرزکامربوط ڈیجیٹل اشتراک ،SheWinsپروگرام کے تحت خواتین کیلئے ای کامرس، سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور کانٹینٹ کریئیشن ودیگر ٹریننگ پروگرامز جاری ہیں،پنجاب بھر میں خواتین ”SheWinsپروگرام” میں بھر پور دلچسپی لے رہی ہیں اورذاتی آمدن سے مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صنعت زار پلیٹ فارم کے ذریعے پنجاب کے ہر ضلع میں ہنر مندخواتین کیلئے بھر پور مواقع مہیا کئے گئے ہیں جبکہ اس پروگرام کے تحت خواتین کیلئے مارکیٹ تک رسائی بھی ممکن بنائی گئی ہے ۔اسی طرح پنجاب بھر میں ویمن ڈویلپمنٹ سینٹرز پر یونیورسٹی طالبات کو ٹریننگ، قانونی رہنمائی اور لیڈرشپ کے مواقع میسر ہیں،ویمن ڈویلپمنٹ سینٹرز پنجاب کے ہر کیمپس میں محفوظ ماحول میں خواتین کی ٹریننگ،خود مختاری اورخود اعتمادی میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں کو جینے، سیکھنے اور آگے بڑھنے کا پورا حق حاصل ہے، صوبے کی بیٹی اب صرف خواب نہیں دیکھتی، انہیں پورا کرنے کا ہنر بھی رکھتی اور یہی ہماری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی کا کردار قابلِ ستائش ہے۔