خواتین کو وراثت سے محروم رکھنے والے غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ٹویٹ

232
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ‏ خواتین کو وراثت سے محروم رکھنے والے غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے، اس مقصد کے لئے تمام شراکت داروں کو مل کر کام کرنا ہے ۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی اسلامی قوانین وراثت کی خلاف ورزی نہ کرے جیسا کہ قرآن و سنت اور ہمارے آئین میں درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے جس میں خواتین وراثت سے محروم رہیں، علمائے کرام، عدلیہ اور میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ مل کر یہ جنگ لڑیں۔

صدر عارف علوی نے خواتین کو وراثت میں حصہ دینے کے حوالے سے اپنے ایک فیصلے کی تفصیل بھی شیئر کی جس کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت کی جانب سے 4 بہنوں کو وراثتی جائیداد میں حصہ دینے کے احکامات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے فیصلہ میں کہا کہ وراثتی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم تمام بہن بھائیوں میں حصے کے مطابق تقسیم کی جائے۔ واضح رہے کہ چار بہنوں نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت سے شکایت کی تھی کہ ان کے بھائیوں نے متوفی والد کی جائیداد میں ان کا وراثتی حق دینے سے انکار کردیا ہے اور درخواست کی تھی کہ ان کا حصہ انہیں دلایا جائے۔