خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کیلئے تربیتی پروگرام SheWins کے نئے بیچ میں رجسٹریشن کا آغاز

12
خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کیلئے تربیتی پروگرام SheWins کے نئے بیچ میں رجسٹریشن کا آغاز

لاہور۔11جون (اے پی پی):خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے اور انہیں کیریئر بلڈنگ میں مدد فراہم کرنے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تربیتی پروگرام ‘SheWins’ میں آن کیمپس اور آن لائن ٹریننگ کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خواتین امیدوار ای کامرس،سوشل میڈیا مارکیٹنگ،یوٹیوب کانٹینٹ کریشن اینڈ ویڈیو ایڈیٹنگ،گرافک اینڈ برینڈ ڈیزائن اور SEO کورسز میں داخلے کیلئے اپلائی کر سکتی ہیں۔6 ہفتوں پر مشتمل آن کیمپس ٹریننگ کیلئے25 ہزار روپے جبکہ آن لائن ٹریننگ کیلئے 20 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔

پروگرام کے تحت اب تک2 ہزار سے زائد خواتین تربیت مکمل کر چکی ہیں اور اپنا خود کا آن لائن کاروبار چلا رہی ہیں۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا ہے کہ SheWins پروگرام کے ذریعے ہم خواتین کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر رہے ہیں اور انہیں ڈیجیٹل میدان میں ایک نئی شناخت دینے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ وہ ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر آن لائن دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔

ٹریننگ پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے عمر16 سے50 سال جبکہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس سے زائد ہونا ضروری ہے۔خواتین امیدوارSheWins ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔