خواتین کو کاروبار کیلئے آسان قرضو ں کی فراہمی سے خودانحصار پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہوسکتی ہے، روبینہ امجد

124
Business to women
Business to women

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر روبینہ امجد نے کہا کہ خواتین ہماری ملکی آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں جنہیں امپاور کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں کیونکہ جب تک خواتین کو عملی زندگی میں مردوں کے شانہ بشانہ تمام شعبہ جات میں عملی طور پر کام کرنے کے مواقع فراہم نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک ملکی معاشی ترقی اور اقتصادی استحکام سمیت خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا لہٰذا خواتین کو کاروبار کیلئے آسان قرضو ں کی فراہمی سے خودانحصار پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہوسکتی ہے جس کے مفید اثرات کے باعث نچلی سطح تک خوشحالی لانے میں بھی مدد مل سکے گی۔

وومن بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان بالخصوص طالبات و خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں جن کی معمولی تربیت اور کونسلنگ ان کیلئے خودروزگار کے لاتعداد مواقع پیدا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں مختلف نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبا و طالبات اور نوجوانوں و بچیوں کو صحتمند مقابلہ سازی اور اپنے آئیڈیاز کو دوسروں کے سامنے پیش کرنے کے مواقع ملتے ہیں جس سے وہ مکمل یکسوئی اور تیاری کے ساتھ دوسروں کے مقابلہ میں اپنے آئیڈیاز بہتر طور پر پیش کر نے کے قبل ہوجاتے ہیں جس سے ان میں خود اعتمادی بھی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی وومن یونیورسٹی یا دیگر جامعات میں نصاب سے ہٹ کر کوئی غیر نصابی سرگرمیاں،جاب فیئر یاٹریڈ نمائشیں منعقد کی جائیں تو ان میں صنعتی، کاروباری، تجارتی تنظیموں بالخصوص فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے عہدیداران و ممبران کو بھی مدعو کیا جانا چاہیے تاکہ ان کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مزید رہنمائی اور تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جا سکیں۔