خواتین کی ترقی اور خودمختاری کے لیے مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

124

کوئٹہ۔ 13 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور خودمختاری کے لیے حکومتی و غیر سرکاری اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اسلامک ریلیف پاکستان کے وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے منصوبے رسمی کارروائیوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کے حقیقی اثرات زندگیوں میں نظر آنے چاہئیں۔ ہم صرف پالیسی سازی نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ خواتین کو وہ مواقع مل سکیں جن کے وہ حق دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو معاشی اور سماجی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔

اسلامک ریلیف پاکستان کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ہم ان مسائل کا دیرپا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نےمزید کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ، مساوی اور ترقی کے یکساں مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے سول سوسائٹی، بین الاقوامی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔