اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ خواتین کی جان، مال یا عزت پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، راولپنڈی پولیس کا انتہائی کم وقت میں ڈاکوؤں کو پکڑنا قابل ستائش ہے، حالیہ کامیابی عوام کی حفاظت کے لئے پولیس کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈاکوؤں کو پکڑنے پر راولپنڈی پولیس کےمتعلقہ افسران اور اہلکاروں کیلئے تعریفی اسناد دینے کے موقع پر کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ واردات اور تشدد کا واقعہ انتہائی دلخراش تھا، راولپنڈی پولیس کا انتہائی کم وقت میں ڈاکوؤں کو پکڑنا قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے یہ پیغام جاتا ہے کہ ریاست مجرمانہ رویہ کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی، جڑواں شہروں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، خواتین کی جان، مال یا عزت پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔