اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ خواتین کی خودمختاری وزیراعظم کا وژن ہے، وزیراعظم سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کو ملکی ترقی کے لیے بہت اہم سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے یہاں جاری تفصیلات کے مطابق ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیں ایک نیا ورژن دیا ہے،وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے اور سمیڈا کو بہت اہمیت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل کنسلٹنٹ رکھ رہے ہیں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ویمن ایمپاورمنٹ وزیراعظم کا ویژن ہے، وہ چاہتے ہیں گھر بیٹھے بھی خواتین خود مختار ہوں اور ایک گھرانے میں ایک آدمی کی بجائے زیادہ لوگ پیسے کمائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کاروبار کو بہتر کرنا ہے،چھوٹے لیول سے چیزوں کو درست کر رہے ہیں،وزیراعظم نے سمیڈا میں مائیکرو کیٹگری شامل کی ہے اور 3 کروڑ سے نیچے والا کاروبار بھی اس میں آگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی انکو آگاہی فراہم کر رہے ہیں تاکہ یہ اپنے کاروباری کو بہتر انداز میں چلا سکیں،ہمارا مقصد چھوٹے کاروباری لوگوں کو رہنمائی کرنا ہے تاکہ وہ مزید آگے بڑھ سکیں،پاکستان کی برآمدات بڑھانا مقصد ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کو ڈاکومینٹ کیا جائے،ہماری یوتھ ہمارا اثاثہ ہے،ہماری یوتھ اپنے آپ کو خود ایجوکیٹ کرتے ہیں،ہم نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹو کرنسی کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی جلد آرہی ہے
،نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف پروگرام چل رہے ہیں،اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیرف سے متاثر ممالک پاکستان کا رخ کر سکتے ہیں،ہمیں اپنے لوگوں کو مواقع فراہم کرنا ہے،پاکستان میں ہر شعبے میں اچھے لوگ موجود ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591756