پاکستان کی ترقی خواتین کو بااختیار بنانے سے جڑی ہوئی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا خواتین کی پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام "عالمی یوم خواتین کی تقریب” سے خطاب

190
خواتین کی عزت و توقیر ہم سب کی عزت و توقیر ہے، جس معاشرے میں خواتین کو تحفظ حاصل ہو وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بروز بدھ اسلام آباد میں خواتین کی پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام "عالمی یوم خواتین کی تقریب” سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس دن کو بھرپور انداز میں منانے سے پاکستان کی تمام خواتین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کی ان باہمت خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے تحریک آزادی پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کی سیاسی تربیت پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی خواتین کو بااختیار بنانے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں تاریخ رقم کرنے والی خواتین کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین کے حقوق کا تحفظ ہو وہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو بااختیار بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ہر شعبے میں اپنی پہچان بنائی ہے۔

انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا محترمہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد دنیا بھر کی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم، پہلی خاتون س اور وزیر اطلاعات و نشریات کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ میں خواتین اراکین پارلیمنٹ اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔سپیکر نے کہا کہ خواتین کی عزت اور احترام ہم سب کی عزت اور توقیر ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر سیکرٹری ڈبلیو پی سی شاہدہ رحمانی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔

تقریب سے سیکرٹری ڈبلیو پی سی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، فاطمہ جناح اور کلثوم نواز جمہوریت کے لیے جدوجہد کے لیے تمام خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے لیے اقوام متحدہ کا تھیم ’’ڈیجیٹ آل‘‘ پاکستان کی ترقی کے لیے موزوں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین سب کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے خواتین کے عالمی دن پر تمام خواتین کو مبارکباد دی۔انہوں نے پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر خواتین پارلیمنٹرینز کی حمایت میں ڈبلیو پی سی کے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں پاکستان کی معیشت میں سب سے زیادہ حصہ ڈال رہی ہیں اور ان کے تعاون کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔تقریب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نامور شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی نے میں نمایاں نمائندگی دے کر ملک کے معاشی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں خواتین کو بااختیار بنانے اور تمام شعبوں میں برابر نمائندگی دینے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔