خواتین کی مالی خودمختاری کیلئے ہنرمندی، ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانا ناگزیر ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ویمن بزنس نیٹ ورک کے وفد سے گفتگو

67
خواتین کی مالی خودمختاری کیلئے ہنرمندی، ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانا ناگزیر ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ویمن بزنس نیٹ ورک کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کی مالی خودمختاری کیلئے ہنرمندی، ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ میں خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے، اس سلسلہ میں قابل قدر مہارتوں کی فراہمی کیلئے ہنرمندی کے اداروں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن بزنس نیٹ ورک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سام علی دادا کر رہی تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کی مالی خودمختاری کیلئے ہنرمندی، ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانا ناگزیر ہے ۔ خواتین کو معیشت کے تمام شعبوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم صنفی برابری اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم جزو ہے ،پرائیویٹ سیکٹر میں خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو قابل ِ قدر مہارتوں کی فراہمی کیلئے ہنرمندی کے اداروں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں خواتین کی مہارت اور تعلیمی ترقی اہم ہے،خواتین کو کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کیلئے کامیاب خواتین کی کہانیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے صنفی تفاوت دور کرنے کیلئے عملی اور بامعنی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی مالیاتی خودمختاری کیلئے معاشی سرگرمیوں کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہوگا۔ وفد نے صدر مملکت کو خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کیلئے کئے گئےاقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے خواتین کو ملازمت فراہم کرنے ، مالی شمولیت کے اقدامات پر ویمن بزنس نیٹ ورک کو سراہا۔