ملتان۔1مارچ (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی اہلیہ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت مند اورطاقت ور خواتین ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خواتین کی وارثت کے حوالے سے قانون سازی پر بھی کام کیا جارہاہے۔ہمارے معاشرے میں عورت کو وارثت سے محروم رکھا جاتا ہے جو نامناسب ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کووویمن چیمبرآف کامرس ملتان کے زیراہتمام آٹھویں بلیو فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔بلیو فیئر میں خواتین کی دستکاری کے سٹالز لگائے گئے ۔اس تین روزہ نمائش میں لاہور،کراچی ،اسلام آباد سمیت ملک بھر سے خواتین دستکاروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہاکہ خواتین میں ٹیلنٹ موجودہے ۔ہم ان کے ٹیلنٹ کو گھروں تک محدود نہیں رکھنا چاہتے ہم پاکستان کی اس پچاس فیصد آبادی کااحساس محرومی دورکرناچاہتے ہیں اوران کی معاشی خودمختاری کے لیے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت وعدوں اور دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ ملکی ترقی میں عورت کے کردار کی بنیادی اہمیت ہے اورہم ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بلیوپاٹری ملتان کی پہچان ہے۔اسے عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے معیار کوبہتر بنایا جائے تاکہ ہماری مصنوعات عالمی منڈی کامقابلہ کرسکیں۔
انہوں نے کہاکہ ملتان میں ایکسپوسنٹر کے قیام کے لیے خواتین صنعتکاروں کی جانب سے جو مطالبہ کیاگیا ہے اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی تاکہ خواتین ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور ترویج کے لیے بہتر مواقع میسرآئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وویمن چیمبرآف کامرس ملتان کی صدر فاطمہ فضل نے کہاکہ وویمن چیمبر آف کامرس ملتان پاکستان میں خواتین صنعتکاروں کاپہلا چیمبر ہے جس کے قیام کے نتیجے میں ملتان کی خواتین کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسرآئے۔
وویمن چیمبر آف کامرس کی پیٹرن ان چیف بیگم فرخ مختار نے کہاکہ ملتان کی خواتین صنعتکاروں اورہنرمندوں کو وویمن چیمبر کی وجہ سے بہتر مواقع میسر آئے وگرنہ یہ دستکارخواتین گھروںتک محدودتھیں۔ ہم نے ان کی مصنوعات کے لیے مختلف نمائشوں کا اہتمام کیا۔اس وقت ملتان میں ایکسپو سنٹر کی ضرورت ہے۔
ایک ایسا سنٹر جہاں خواتین صنعتکاروں اورہنرمندوں کے لیے ڈسپلے کا اہتمام ہو۔ ہمیں امید ہے کہ خاتون اول کی آج کی تقریب میں آمد سے ہمارے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔قبل ازیں خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے بلیو فیئر میں مختلف سٹالز کادورہ کیا اور خواتین کی مصنوعات میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔تقریب میں نمائش کے شرکاءاور معاونین میں سونیئر بھی تقسیم کیے گئے