اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے احترام ، حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا قومی فریضہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ پیغام خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر دیا جو دنیا بھر میں 25 …
خواتین کے احترام ، حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا قومی فریضہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے، یوسف رضا گیلانی کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے احترام ، حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا قومی فریضہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ پیغام خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر دیا جو دنیا بھر میں 25 نومبر کو منایا جاتا ہے۔چیئرمین سینیٹ یوسف گیلانی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کی ایک سنگین خلاف ورزی ہے جو معاشرتی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کا تحفظ اور بااختیار بنانا پاکستان کی جمہوری اقدار اور آئینی ضمانتوں کا بنیادی حصہ ہے۔خواتین کی قومی دھارے میں شمولیت کے حوالے سے اپنی دیرینہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ ہمیشہ خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانے، حکومتی امور میں ان کی شمولیت بڑھانے اور سماجی و معاشی ترقی کے مزید مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کے حامی رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے دور وزارت عظمیٰ میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے اہم اقدامات کیے گئے اور بطور چیئرمین سینیٹ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قانون سازی اور پارلیمانی نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس حقیقت پر بھی زور دیا کہ اسلام خواتین کو اعلیٰ مقام اور مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور ہر قسم کے ظلم و جبر کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات رحمت، انصاف اور مساوات پر مبنی ایک واضح رہنما اصول فراہم کرتی ہیں جو خواتین کے حقوق کے تحفظ کو ایک مقدس فریضہ قرار دیتی ہیں۔انہوں نے پالیسی سازوں، سول سوسائٹی، علما اور کمیونٹی رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ مل کر صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے مکمل خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر عورت اور بچی خوف اور امتیاز سے پاک زندگی گزار سکے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹِ پاکستان مساوات، وقار اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے بغیر نہ قومی ترقی ممکن ہے اور نہ ہی وہ اقدار برقرار رکھی جا سکتی ہیں جو ہماری پہچان ہیں۔








