اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ خواتین کے تحفظ اور بحالی کے مراکز وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کو طبی، قانونی، نفسیاتی سپورٹ اور بحالی کے لئے ابتدائی رسپانس فراہم کر رہے ہیں۔ وہ وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام ٹرانزٹ ایڈورٹائزنگ کی 16روزہ آگاہی مہم "جنسی بنیاد پر تشدد کے خلاف سرگرمی” کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
یہ آگاہی مہم وزارت ریلوے کے تعاون اور اقوام متحدہ کی خواتین کے تعاون سے 25 نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔ خواتین کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق خواتین کے تحفظ کے حوالے سے قوانین اور پالیسیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ 2020،خواتین کے املاک کے حقوق ایکٹ 2020 کا نفاذ، انسداد عصمت دری (تفتیش اور مقدمہ) ایکٹ 2021 اور کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ (ترمیمی) ایکٹ، 2022 کچھ اہم قانون سازی ہیں جن کا مقصد خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فوجداری مقدمات میں خواتین سمیت کمزور طبقے کے افراد کو قانونی، مالی اور دیگر اقسام کی مدد فراہم کرنے کے لئے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ 2020 نافذ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کے لئے ہیومن رائٹس ریلیف فنڈز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ وزارت انسانی حقوق نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لئے ایک قومی پالیسی بھی شروع کی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے خواتین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے، قانونی اور انصاف کے نظام تک خواتین کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے متعلقہ محکموں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
مشعال ملک نے کہا کہ صنفی مساوات کی مضبوط حامی ہونے کے ناطے انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 100 دن کا ایکشن پلان شروع کیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ان کی توجہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو قومی اور بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے پر مرکوز ہے۔ مشعال حسین ملک نے ٹرانزٹ ایڈورٹائزنگ مہم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم زینب الرٹ، ٹرانس جینڈر افراد، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے حقوق جیسے موضوعات پر اہم معلومات پھیلانے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، یہ مہم لوگوں میں بیداری پھیلانے اور سماجی طرز عمل میں تبدیلی لانے میں بہت مدد کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413908