خواتین کے جائیداد کے حقوق اور ہراسانی سے تحفظ کے بارے میں آگاہی سیمینار

147

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے دفتر برائے مشیر طالبات اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسانی (فوسپا)کے تعاون سے منگل کو خواتین کے جائیداد کے حقوق اور ہراسانی سے تحفظ کے بارے میں آگاہی سیمینار کا اہتمام جامعہ کے خواتین کیمپس میں کیا گیا۔سیمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے کہا کہ اہم عصری تقاضا ہےکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے خواتین کو معاشرے میں ملازمت کرنے کے برابر مواقع فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی ایک بڑی تعداد کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے تدارک پر فوری طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تعلیم یافتہ خواتین پر زور دیتے ہوے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جائیداد کے حقوق کے بارے میں جانیں اور اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے تدارک سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ متاثرہ افراد اس پریشانی کے خلاف آواز بلند کریں۔ ملازمت کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کے لئے وفاقی محتسب نے صنفی بنیاد پر ہراساں کئے جانے پر بھی گفتگو کی اور ساتھ ہی انہوں نے متعلقہ فورمز کے ذریعے اس طرح کی ہراسانی کا مقابلہ کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کی۔

انہوں نے جامعہ کی تاریخ میں پہلی خاتون ریکٹر کی تقرری پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت اشارہ ہے اور معاشرے میں خواتین کو یکساں پلیٹ فارم فراہم کرنے میں تعلیمی اداروں کے مثبت کردار کا شگون ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ ملک نے فوزیہ وقار کا خواتین کے املاک کے حقوق کے اہم مسئلہ پر بصیرت انگیز اور آگاہی پر مبنی گفتگو پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین پر زور دیا کیا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کریں ۔

انہوں نے فوسپا ٹیم اور شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی وہ ادارہ ہے جہاں خواتین طلباء کی تعداد مرد طلباء سے زیادہ ہے اور یونیورسٹی نے معیاری تعلیم کے حصول کے لئے خواتین کے لیے خصوصی طور پر ایک علیحدہ کیمپس مختص کیا گیا ہے۔سیمینار میں وائس پریذیڈنٹ، ریسرچ اینڈ انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈائریکٹر فیمیل کیمپس ڈاکٹر سمیعہ چغتائی، سٹوڈنٹس ایڈوائزر طالبات ڈاکٹر سعدیہ سلیم، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس سے قبل وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے جامعہ کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے خواتین حقوق کے فروغ اور ہراسانی کی حوصلہ شکنی میں تعلیمی اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔