حیدرآباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فری جرنلسٹس فائونڈیشن (ایف جے ایف) کی جانب سے گیارہویں رول ماڈل وومن ایوارڈتقریب 2024 حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدکی گئی۔ اس موقع پر ایف جی ایف کے سرپرست رئوف چانڈیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کی تقریب کے انعقاد کامقصد معاشرے میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ مردوں کی طرح خواتین بھی ملکی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اطلاعات کراچی اختر سرہیو نے کہا کہ رئوف چانڈیو کی جانب سے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے یہ تقریب ایک اچھا اقدام ہے اس طرح کی اور مزید تقریبات سماجی اور دیگر اداروں کی جانب سے منعقد ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ترقی یافتہ معاشرے میں اپنے ملک و قوم کو عروج پر لانے میں خواتین کا اہم کردار ہوتاہے۔
اس موقع پر خواتین شرکا نے اپنے اپنے خیالات کاا ظہارکیا۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی خواتین میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف منور علی مہیسر، ایڈیشنل کمشنرریحان ڈیتھو، ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات کراچی اخترسرہیوکے علاوہ دیگر افسران و خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔ تقریب میں طالبات کی جانب سے مختلف ٹیبلوزبھی پیش کیے گئے۔