ملتان۔ 05 مئی (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی ملتان میں ٹیچنگ پروفیشن میں ابھرتے ہوئے رجحانات: ضرورت اور چیلنجز”بارے ورکشاپ منعقد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہ ایجوکیشن کے زیراہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا ،جس کا عنوان” "ٹیچنگ پروفیشن میں ابھرتے ہوئے رجحانات،ضرورت اورچیلنجز” تھا ، ماہر تعلیم نمل یونیورسٹی ملتان کے فیکلٹی ممبر سعید شاکر نے شرکت کی۔
ورکشاپ سے خطا ب کرتے ہوئے سعید شاکر نے کہا کہ ٹیچنگ ایک ایسا پیشہ ہے جس میں آپ کو بہت زیادہ ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر لے کر ان بچوں کی دماغی پرورش کرنی ہوتی ہے جو آپ کو ایک استاد کو درجہ دیتے ہیں۔ٹیچنگ میں آپ انسانی نفسیات کی سٹڈی کرتے ہیں طالب علم آپ کی توجہ کے خصوصی مستحق ہوتے ہیں اور اگر ان کا پسندیدہ سبجیکٹ بھی وہ ہے جو آپ پڑھا رہے ہیں تو یہ ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے۔
چیئرپرسن شعبہ ایجوکیشن ڈاکٹر حنا منیر نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد 21 ویں صدی میں تدریسی پیشے کی بدلتی ہوئی حرکات اور توقعات کو پورا کرتے ہوئے پیشگی خدمت اور خدمت میں معلمین کے پیشہ ورانہ وژن کو وسیع کرناہے، امید ہےاس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے، ماہر تعلیم شاکر سعید نے تیزی سے بدلتے ہوئے تعلیمی منظر نامے میں اساتذہ کے ابھرتے ہوئے کردار کا ایک جامع جائزہ پیش کیا
اور عملی سرگرمیاں پیش کرکے اساتذہ کو تدریس کے جدید رجحانات سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں تعلیم میں بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ رہنے اور موثر تدریس کے سنگ بنیاد کے طور پر مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کو اپنانے کی اہمیت پرزور دیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592654