خواجہ سلمان رفیق کا جنرل ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات ،طبی سہولیات کا جائزہ

106

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جمعرات کے روز جنرل ہسپتال لاہور اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کا اچانک دورہ کیا،او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر او پی ڈی کو کارکردگی بہتر بنانے کا آخری موقع دیا گیا۔وزیر اعلی کمپلینٹ سیل پر ایک اہلکار کو موبائل فون استعمال کرنے پر ہٹا دیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں کی آسانی کیلئے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں 4 مزید الٹراسائونڈ مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں اور مریضوں کی آسانی کیلئے کیو مینجمنٹ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنز میں مریضوں کی قطاروں کے رش میں کمی کیلئے بھی کیو مینجمنٹ سسٹم کا نظام فعال کر رہے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی، وزیر اعلی کمپلینٹ کائونٹر،نیورولوجی، پرچی کائونٹرز، میڈیسن سٹور و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر،ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد اور ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق بھی پہنچ گئے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات مسلسل مانیٹرنگ سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں،

ایم ایس حضرات مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں،ہسپتالوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کئے جا رہے ہیں،ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں اور ڈیوٹی روسٹرز ہر وارڈ میں آویزاں ہونے چاہئیں،سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے،

مریضوں کے علاج و معالجہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا،ہسپتالوں کا دورہ کرکے مریضوں سے طبی سہولیات بارے براہِ راست فیڈ بیک لیا جا رہا ہے اور مریضوں کی شکایات پر موقع پر ہی ایم ایس صاحبان کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔